جعفرآباد میں پہلی مرتبہ خواتین کی خصوصی کھلی کچہری، تعلیم، صحت اور بی آئی ایس پی کے مسائل اٹھائے گئے

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی کاوشوں سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات اور کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی ہدایات کی روشنی میں ضلع جعفرآباد میں پہلی مرتبہ خواتین کے مسائل جاننے اور ان کے حل کے لیے خصوصی کھلی کچہری منعقد کی گئی۔
کھلی کچہری اسسٹنٹ کمشنر جھٹ پٹ دھیرج کالرا کی سربراہی میں ہوئی، جس میں ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندگان شریک ہوئے۔ جعفرآباد کی کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور تعلیم، صحت، آب نوشی، سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے جائز حصے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں درپیش مشکلات سمیت دیگر مسائل سے افسران کو آگاہ کیا۔
تمام خواتین سائلین کی شکایات فرداً فرداً اور بالترتیب سنی گئیں، جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران نے ان کے مسائل پر جوابات دیے اور ممکنہ حل سے آگاہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر دھیرج کالرا نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری کی خصوصی ہدایات پر یہ کچہری منعقد کی گئی ہے تاکہ خواتین کو اپنے مسائل براہِ راست ضلعی انتظامیہ اور افسران کے سامنے رکھنے کا مؤثر پلیٹ فارم ملے اور ان کا بروقت ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خواتین کے مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











