وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے بگٹی قبیلے کے وفد کی ملاقات، ڈیرہ بگٹی اور سوئی کی ترقی پر گفتگو

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بگٹی قبیلے کے عمائدین، بزرگوں اور نوجوانوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، جس میں ڈیرہ بگٹی، سوئی اور گردونواح میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور علاقے کی مجموعی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی، سوئی اور پورے علاقے کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے تاریخ ساز منصوبوں پر کام جاری ہے اور متعدد اہم منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان علاقے میں تعلیم، صحت، ذرائع مواصلات اور روزگار کے مواقع سمیت بنیادی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
گیس کمپنیوں میں مقامی روزگار
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گیس کمپنیوں میں مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی اور مقامی آبادی کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ گیس کمپنیوں کے سوشل رسپانسبلٹی اور بہبود کے فنڈز کو عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے تاکہ مقامی آبادی کو ان وسائل سے براہ راست فائدہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی عمل کو محض اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے ڈیرہ بگٹی، سوئی اور ملحقہ علاقوں میں دیرپا ترقی کی بنیاد مضبوط کر رہی ہے، جبکہ تعلیم، صحت، سڑکوں اور دیگر مواصلاتی ذرائع کی بہتری، روزگار اور عوامی سہولیات کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ علاقے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے دستیاب وسائل کو شفاف اور مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











