گوادر میرین ڈرائیو سولر اسٹریٹ لائٹس سے روشن، بوٹ بیسن سے ظہور شاہ ہاشمی چوک تک منصوبہ آخری مراحل میں

گوادر: صوبائی حکومت کی ترقی پسند، ماحول دوست اور پائیدار توانائی کی پالیسی کے تحت ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی ہدایت پر میرین ڈرائیو کو سولر اسٹریٹ لائٹس سے روشن کرنے کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
منصوبے کے تحت بوٹ بیسن سے سید ظہور شاہ ہاشمی چوک تک متاثرہ اسٹریٹ لائٹس بحال کر کے سولر سسٹم پر منتقل کی جا رہی ہیں، جس سے طویل لوڈشیڈنگ میں بھی شاہراہ روشن رہے گی، بجلی کے اخراجات کم ہوں گے اور قابلِ تجدید توانائی کو فروغ ملے گا۔ سولرائزیشن سے روایتی کیبلز پر انحصار اور کیبل چوری کی شکایات میں بھی کمی متوقع ہے۔
جی ڈی اے کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے مدھم پڑ جانے والی میرین ڈرائیو کی روشنیاں دوبارہ جگمگا رہی ہیں، جس سے اس معروف سیاحتی و تفریحی مقام کی خوبصورتی بڑھی ہے اور شہریوں اور سیاحوں کو شام اور رات کے اوقات میں دلکش ماحول اور تحفظ کا احساس میسر آیا ہے۔
ادارہ ترقیات گوادر کے آئندہ منصوبوں میں شہر کی دیگر اہم شاہراہوں، بالخصوص سید ظہور شاہ ہاشمی روڈ، پر بھی سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہے، جسے گوادر کو جدید، روشن اور ماحول دوست شہر بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











