وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے بخت محمد کاکڑ، زمرک اچکزئی اور وائس چانسلر سبی یونیورسٹی سمیت شخصیات کی ملاقاتیں

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ، علی جان بگٹی، قبائلی رہنماؤں میر شفقت مری اور مقبول مری، سابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اظہر شہزاد، ایڈووکیٹ منیر کاکڑ، نجیب کاکڑ اور ملک غفار خان ناصر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں صوبے کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل، ترقیاتی امور، انتظامی معاملات، اعلیٰ تعلیم اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی پائیدار ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور گورننس کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی نمائندوں، قبائلی عمائدین، ماہرینِ تعلیم اور معاشرے کے مختلف طبقات کی تجاویز کو اہمیت دی جاتی ہے۔ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں بہتری کے لیے مربوط اقدامات کر رہی ہے، اور صوبے کے دور دراز علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی مشاورت اور باہمی تعاون کے ذریعے بلوچستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











