گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں یوم دفاع کی تقریب، نمایاں طالبات میں تعریفی اسناد تقسیم

گوادر: گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں طالبات نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔
طالبات نے یوم دفاع کی مناسبت سے تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے، جبکہ 1965ء کی جنگ اور یومِ دفاع کے تاریخی پس منظر پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
کالج کی پرنسپل ثمین بلوچ نے یومِ دفاع کی تاریخی اہمیت، قومی یکجہتی اور شہداء و غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور طالبات کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











