گورنر مندوخیل سے خواتین کے وفد کی ملاقات، لیڈیز کلب بلوچستان کو فعال بنانے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ لیڈیز کلب بلوچستان کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے، جس سے خواتین کی معاشی و سماجی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور انہیں اپنے حقوق و فرائض سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ستارہ محمد حسنی کی قیادت میں خواتین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں سابق رکن صوبائی اسمبلی زینت شاہوانی، روبینہ ابراہیم زہری، مہوش رند، انزلہ بلوچ اور عائشہ ضیاء قلندرانی شامل تھیں۔
وفد نے گورنر کو لیڈیز کلب بلوچستان کے اغراض و مقاصد اور مجوزہ سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ کلب خواتین کو مثبت سماجی سرگرمیوں، پیشہ ورانہ روابط، ہنرمندی کے فروغ اور فلاحی منصوبوں میں شرکت کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
گورنر نے کہا کہ لیڈیز کلب بلوچستان دیگر متعلقہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور ڈونرز کے ساتھ مؤثر روابط استوار کرے تاکہ خواتین کی فلاح و بہبود، ہنرمندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ منصوبے شروع کیے جا سکیں۔ انہوں نے کلب کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ان کی معاشی و سماجی ترقی سے متعلق اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
گورنر مندوخیل نے خواتین کی معاشی خودمختاری، سماجی ترقی اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں ان کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے مشترکہ آواز بلند کرنا ضروری ہے تاکہ اجتماعی کوششوں سے زیادہ مؤثر اور دیرپا نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











