گورنر جعفر خان مندوخیل کا عالمی یوم آبادی کی تقریب سے خطاب: نوجوان آبادی کو ہنرمند افرادی قوت میں بدلنا ہوگا

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی آبادی بنیادی طور پر عوام، ان کے معیارِ زندگی، روزگار کے مواقع اور ان کی معاشی آسودگی سے جڑی ہوئی ہے۔ وہ کوئٹہ کے ایک مقامی ہوٹل میں ورلڈ پاپولیشن ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔
گورنر نے کہا کہ پاکستان کی آبادی رواں سال 2026 کے آخر تک چھبیس کروڑ تک پہنچ جائے گی، جو پاکستان کو دو بڑے چیلنجوں کے ساتھ پیش کرتی ہے۔ پہلا تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو کم کرنے کا انتظام ہے، جبکہ دوسرا اور شاید اس سے بھی زیادہ اہم، اس بڑی آبادی کو ایک مہارت یافتہ، پیداواری، صحت مند اور ہنرمند افرادی قوت میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں بہت چیلنجنگ ذمہ داریاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی کامیاب تقریب کے انعقاد پر پرنس آغا عمر احمدزئی اور ان کی پوری ٹیم خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری پرنس آغا عمر احمدزئی، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نواز کبزئی، صوبائی سیکرٹری ظفر بلیدی، یو این ڈی پی کے ذوالفقار درانی، سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ، بی آر ایس پی کے چیئرمین ملک انور سلیم کاسی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید اور ڈائریکٹر گورنر سیکرٹریٹ عطاء الرحمٰن خلجی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔
پاکستان خطے کا سب سے نوجوان آبادی والا ملک
گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ یہ بات پاکستان اور بلوچستان دونوں کے لیے حوصلہ افزا ہے کہ پاکستان پورے خطے میں سب سے نوجوان آبادی رکھنے والا ملک ہے، جبکہ صوبہ بلوچستان اپنی آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے ینگیسٹ آبادی رکھنے والا صوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان آبادی ایک غیر معمولی موقع کی نمائندگی کرتی ہے، تاہم پاکستان کے مستقبل کا انحصار اس بات پر نہیں ہوگا کہ ہمارے پاس کتنے لوگ ہیں۔ زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم انہیں کتنی معیاری تعلیم دیتے ہیں، کتنے مؤثر طریقے سے انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرتے ہیں، کتنی کامیابی سے روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں اور انہیں ملکی و قومی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے کتنے اعتماد کے ساتھ بااختیار بناتے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ یہ بات باعثِ اطمینان ہے کہ ہماری پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز شروع کیے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
فیملی پلاننگ مہم یونین کونسل کی سطح تک لے جانے پر زور
گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پچھلے 30 سالوں میں کوئٹہ شہر کی آبادی میں کئی گنا اضافہ ہوا، جبکہ وسائل میں اسی مقدار میں اضافہ نہیں ہوا۔
انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ فیملی پلاننگ کے حوالے سے شعور و آگہی کی مہم کو ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کی سطح تک وسعت دی جائے اور آبادی میں بے تحاشا اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ پاکستان اور بلوچستان کی آبادی کو دیرپا امن، خوشحالی اور معاشی ترقی کے ایک طاقتور انجن میں تبدیل کیا جا سکے۔
کثرتِ آبادی سے متعلق یہ پروگرام منتظمین اور شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کرنے کے بعد اختتام پذیر ہوا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











