گوادر کا پہلا مقامی ٹف ٹائل اور پیورز پلانٹ: ڈی جی جی ڈی اے معین الرحمٰن خان کا دورہ

گوادر: ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے گوادر میں ٹف ٹائلز اور پیورز تیار کرنے والے مقامی پلانٹ کا دورہ کیا، جہاں پلانٹ کے مالک اور معروف کنٹریکٹر حاجی شریف زیمل نے انہیں پلانٹ کے مختلف حصوں، پیداواری صلاحیت اور تیار کیے جانے والے تعمیراتی مٹیریلز پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، سپرنٹنڈنگ انجینئر روڈز نادر بلوچ اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
حاجی شریف زیمل نے بتایا کہ یہ گوادر کا پہلا اور واحد مقامی پلانٹ ہے جہاں اعلیٰ معیار اور مقررہ تعمیراتی معیارات کے مطابق ٹف ٹائلز اور پیورز تیار کیے جائیں گے۔ ماضی میں ان سمیت دیگر تعمیراتی مٹیریل کے لیے کراچی سے سامان منگوانا پڑتا تھا اور ٹرانسپورٹیشن کے اضافی اخراجات کے باعث یہ مہنگا پڑتا تھا، جبکہ مقامی دستیابی سے تعمیراتی منصوبوں کی ضروریات پوری کرنے میں آسانی کے ساتھ اخراجات اور وقت کی بچت بھی ہوگی۔
معین الرحمٰن خان نے کہا کہ نجی شعبے کی جانب سے گوادر کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ مقامی سطح پر تعمیراتی مٹیریل کی پیداوار سے گوادر کی تعمیر و ترقی آگے بڑھے گی، سرکاری ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ نجی شعبے اور شہریوں کو بھی معیاری مٹیریل بروقت دستیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں مقامی مصنوعات اور نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور جی ڈی اے سرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ گوادر کی ترقی میں سرکاری اداروں کے ساتھ نجی شعبے کا کردار بھی اہم ہے اور مقامی صنعت کا فروغ معاشی سرگرمیوں اور روزگار میں اضافے کا باعث بنے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











