گوادر: ڈی جی جی ڈی اے کا ینگ جان والی بال اینڈ فٹسال گراؤنڈ کا دورہ، میر کلمتی اسپورٹس فیسٹیول کی تیاریاں

گوادر: ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے ینگ جان والی بال اینڈ فٹسال گراؤنڈ کا دورہ کیا اور جی ڈی اے کی جانب سے حال ہی میں مکمل کیے گئے تعمیر و توسیع اور تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ میر دودا خان مری اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر میر ارشد کلمتی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ دورے میں آئندہ دو روز کے دوران منعقد ہونے والے میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ اسپورٹس فیسٹیول 2026 کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بتایا گیا کہ گراؤنڈ میں کشادہ پلے ایریاز، کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے نشستیں، پویلین، لائٹنگ اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔
معین الرحمٰن خان نے کہا کہ جی ڈی اے اس سے قبل سینیٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم، بابا بزنجو فٹبال اسٹیڈیم اور سورگ دل فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر، توسیع اور تزئین و آرائش کا جامع منصوبہ مکمل کر چکی ہے۔ انہوں نے فیسٹیول کے انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جی ڈی اے گوادر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











