گوادر: ڈی او ایجوکیشن زراتون بلوچ کا جہلی ڈور اور نگور شریف کے گرلز اسکولوں کا دورہ، کلاس رومز کی کمی سامنے آ گئی

گوادر: ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) زراتون بلوچ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جہلی ڈور اور گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول نگور شریف کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی کارکردگی اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔ یہ دورہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور صوبائی حکومت کی تعلیمی پالیسی کے تحت سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے اقدامات کا حصہ ہے۔
جہلی ڈور اسکول میں اساتذہ کو تدریسی عمل میں مصروف اور طالبات کو دلچسپی سے تعلیم حاصل کرتے پایا گیا، تاہم کلاس رومز کی کمی کے باعث بعض طالبات کو کلاس رومز سے باہر فرش پر بیٹھ کر پڑھنا پڑ رہا تھا۔ اس موقع پر تعلیمی سہولیات کی بہتری اور مناسب تعلیمی ماحول کی ضرورت اجاگر کی گئی۔
بعد ازاں نگور شریف اسکول میں اساتذہ کے ساتھ تربیتی نشست ہوئی، جس میں مؤثر سبق کی منصوبہ بندی، جدید تدریسی طریقوں، کلاس رومز کی تعلیمی تقاضوں کے مطابق آرائش اور کم خرچ یا بغیر خرچ کے دستیاب اشیاء سے تعلیمی ماڈلز تیار کرنے پر رہنمائی دی گئی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر نے اساتذہ کے جذبۂ تدریس کو سراہا اور انہیں جدید طریقے اپنانے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرنے پر زور دیا۔
دورے کے اختتام پر غیر تدریسی عملے کو اسکول میں شجرکاری اور پودوں کی دیکھ بھال و بروقت آبیاری کی ہدایت کی گئی۔ مختلف اسکولوں میں واش رومز سے متعلق مسائل بھی سامنے آئے، جن کی نشاندہی کرتے ہوئے طالبات کے لیے صاف ستھرا، محفوظ اور سازگار ماحول یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











