گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے فلیٹ میں چھ نئے لوڈر رکشوں کا اضافہ، ڈی جی معین الرحمٰن خان نے شعبوں کے حوالے کیے

گوادر: گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہری خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنے مشینری و ٹرانسپورٹ فلیٹ میں چھ نئے جدید لوڈر رکشوں کا اضافہ کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے نئے لوڈر رکشے واٹر، باغبانی اور میونسپل ونگ سمیت متعلقہ شعبوں کے حوالے کر دیے۔
اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، پی ڈی واٹر میرجان بلوچ، ڈائریکٹر فنانس عبدالشکور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر میونسپل سروسز یحییٰ واڈیلہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ظریف احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے نئے رکشوں کا معائنہ کیا، جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میرجان بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر میونسپل ونگ یحییٰ واڈیلہ نے ان کی ٹیسٹ ڈرائیو کی۔
نئے لوڈر رکشے پانی کی فراہمی کے نظام کی دیکھ بھال و مرمت، پائپ اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل، شہر کی صفائی، کچرے اور ملبے کی منتقلی، سیوریج و ڈرینج لائنوں کی صفائی اور دیگر میونسپل امور میں استعمال ہوں گے۔ شعبہ باغبانی میں یہ گاڑیاں پارکس، گراؤنڈز، گرین بیلٹس اور شاہراہوں پر شجرکاری، پودوں کی دیکھ بھال، پانی دینے اور باغبانی کے سامان کی ترسیل میں معاون ثابت ہوں گی۔
جی ڈی اے کے ٹرانسپورٹ آفیسر حاجی شکیل احمد کے مطابق کم سائز اور بہتر نقل و حرکت کے باعث لوڈر رکشے شہر کی گلیوں اور مختلف فیلڈ مقامات تک رسائی کے لیے موزوں ہیں، اور ان کے اضافے سے متعلقہ شعبوں کی فیلڈ آپریشنل استعداد اور شہری خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
نئے لوڈر رکشوں کا اضافہ جی ڈی اے کی جانب سے گوادر میں صاف ستھرے، سرسبز اور بہتر شہری ماحول کے قیام اور شہریوں کو مؤثر سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کا حصہ ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











