گوادر: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا اجلاس، اساتذہ کے سروس کیسز بروقت نمٹانے کی ہدایت

گوادر: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوادر کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع کے تدریسی عملے سے متعلق مختلف سروس معاملات اور درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) زراتون بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) وہاب مجید اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر سوبان بلوچ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اساتذہ کی ریٹائرمنٹ، سروس، میڈیکل، اسٹڈی لیو، فیملی پنشن، جی پی فنڈ، گروپ انشورنس اور دیگر معاملات زیر غور آئے، جبکہ مختلف تعلیمی اداروں سے موصول درخواستوں اور سروس کیسز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اتھارٹی کے دائرہ کار کے تحت تدریسی عملے کے سروس معاملات کا جائزہ لے کر انہیں مزید کارروائی اور منظوری کے لیے متعلقہ فورم کو بھیجا جاتا ہے، جبکہ قواعد کے مطابق ڈسپلنری معاملات اور ضرورت پڑنے پر انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل کے امور بھی اسی فورم پر آتے ہیں۔
ڈاکٹر عبدالشکور نے ہدایت کی کہ اساتذہ کے تمام سروس کیسز کی دستاویزات مکمل اور قواعد کے مطابق مرتب کی جائیں تاکہ تاخیر کے بغیر آگے بھیجی جا سکیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو مالی و سروس کیسز کی مکمل جانچ پڑتال اور سکروٹنی مقررہ طریقہ کار کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں زور دیا گیا کہ اساتذہ کے جائز سروس معاملات میرٹ، شفافیت اور قواعد کے مطابق بروقت نمٹانے کے لیے تمام محکمے باہمی رابطے سے کام کریں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











