گوادر: پی پی ایچ آئی کے ضلع منیجر ڈاکٹر مرشد دشتی کا بی ایچ یو نوگوڈو کا مانیٹرنگ دورہ

گوادر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور حکومتِ بلوچستان کی ہدایات کے مطابق دور دراز علاقوں میں معیاری اور بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بنیادی مراکزِ صحت کی مؤثر نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ضلع منیجر پی پی ایچ آئی گوادر ڈاکٹر مرشد دشتی نے بنیادی مرکزِ صحت (بی ایچ یو) نوگوڈو کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا، جس میں عملے کی حاضری، او پی ڈی ریکارڈ، ادویات کے دستیاب ذخیرے، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر مرشد دشتی نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت، معیاری اور خوش اخلاقی کے ساتھ طبی خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پی پی ایچ آئی اور حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا تمام عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری، احساسِ ذمہ داری اور خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات، بنیادی مراکزِ صحت کی فعالیت اور عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت نتائج دور دراز علاقوں تک پہنچ رہے ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











