گوادر ٹیچنگ اسپتال میں گردوں کے مریضوں کے لیے ڈائیلاسز سروس بلا تعطل جاری: ایم ایس ڈاکٹر حفیظ بلوچ

گوادر: میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ اسپتال گوادر ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی گوادر صحتِ عامہ کی پالیسی اور مریضوں کو ان کی دہلیز پر معیاری و بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کے تحت اسپتال میں ڈائیلاسز سمیت دیگر ضروری طبی خدمات تسلسل کے ساتھ فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گردوں کے مریضوں کے لیے ڈائیلاسز کی سہولت بلا تعطل جاری ہے اور مریضوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق طبی نگرانی میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی ترجیحات کے مطابق مریضوں کو علاج کے لیے کراچی یا دیگر دور دراز علاقوں کا سفر نہ کرنا پڑے، اس مقصد کے لیے ڈائیلاسز سروس کو فعال اور مؤثر رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹر حفیظ بلوچ کے مطابق علاج میں تسلسل، طبی نگرانی اور ضروری سہولیات کی دستیابی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ اسپتال انتظامیہ دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال سے بہتر سہولیات اور معیاری نگہداشت کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ بروقت تشخیص، علاج اور مریضوں کی بہتر نگہداشت انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ اسپتال میں صحت کی بنیادی اور ضروری سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











