گوادر میں ورلڈ اسپیس ویک 2026 کی اسپیس واک، مولانا ہدایت الرحمن: سائنس ترقی یافتہ قوموں کی طاقت

گوادر: رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی ہی ترقی یافتہ قوموں کی بنیادی طاقت ہیں، نوجوان جدید علوم اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر کے ملک و علاقے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ وہ گوادر میرین ڈرائیو پر ورلڈ اسپیس ویک 2026 کے سلسلے میں گوادر گرائمر اسکول کے زیرِ اہتمام اسپیس واک کے اختتام پر شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کائنات کے ان رازوں کو دریافت کرنے کا ذریعہ ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے انسان کے لیے پوشیدہ رکھا ہے، اور آج وہی قومیں ترقی کر رہی ہیں جنہوں نے علم، سائنس اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کی۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں اور اپنی صلاحیتیں ملک و علاقے کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔
اسپیس واک میں طلبا نے خلائی موضوعات پر پوسٹرز، پلے کارڈز اور کاسٹیومز کے ذریعے تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا، جبکہ والدین، شہریوں اور مختلف شعبوں کی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک کا اختتام آئی لو گوادر پوائنٹ پر ہوا، جہاں اسکول کے سربراہ خدابخش ہاشم، پرنسپل ناصر رحیم سہرابی اور طلبا مہلب مولا بخش، عاصمہ اللہ بخش اور ہونک ناصر نے بھی خطاب کیا۔ نظامت فیصل علی نے کی اور نصیب اللہ نے تلاوت کی۔
تقریب میں ناگمان بلوچ، فیض نگوری، آر سی ڈی کونسل گوادر کے مجید عبداللہ، بہرام بلوچ، عبداللہ عثمان، ٹرانسپورٹر نواز بلوچ اور پرنسپل مجید خدابخش سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
ورلڈ اسپیس ویک ہر سال 4 تا 10 اکتوبر دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ پاکستان میں سپارکو کے اسپیس ایجوکیشن اینڈ اویئرنیس ڈرائیو (SEAD) کے تحت مختلف سرگرمیاں ہوتی ہیں۔ گوادر گرائمر اسکول کی جانب سے کوئز، اسپیلنگ، مباحثہ، مضمون نویسی، پوسٹر و پینٹنگ اور ماڈل سازی کے مقابلے 10 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











