گوادر: ایس ایس ٹی ایڈہاک آسامیوں کے 221 امیدواروں کی دستاویزات کی جانچ پڑتال مکمل

گوادر: صوبائی حکومت کی بھرتی پالیسی اور مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت ضلع گوادر میں ایڈہاک بنیادوں پر سیکنڈری اسکول ٹیچر (ایس ایس ٹی) کی آسامیوں کے لیے درخواست دینے والے 221 امیدواروں کی درخواستوں، اصل تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویزات کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے۔ ان میں 128 خواتین اور 93 مرد امیدوار شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی نگرانی میں ہونے والی جانچ پڑتال میں امیدواروں کی آن لائن درخواستوں، درخواست جمع کرانے کی رسید، اصل قومی شناختی کارڈ، تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویزات کی تصدیق کی گئی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد حسین بلوچ، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر سیبن بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت نے بھی اس عمل میں حصہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق بھرتیوں میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے امیدواروں کی معلومات اور اسناد کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











