گوادر: آؤٹ آف اسکول چلڈرن پروگرام کا سالانہ رزلٹ ڈے، مولانا ہدایت الرحمن نے بچوں میں انعامات تقسیم کیے

گوادر: آؤٹ آف اسکول چلڈرن پروگرام کے تحت ایل سی سینٹر میں سالانہ رزلٹ ڈے کا انعقاد کیا گیا، جس میں نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹس، جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے بچوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں، دل لگا کر پڑھیں، محنت و لگن کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے والدین، گوادر اور ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت بچے مستقبل میں گوادر کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ بچوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بچوں کو اساتذہ کی رہنمائی سے بھرپور استفادہ کرنے اور اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔
رزلٹ ڈے کے موقع پر بچوں نے ملی نغمے، نعت رسول مقبول ﷺ اور مختلف موضوعات پر تقاریر پیش کیں، جبکہ مختلف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں، اعتماد اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جنہیں شرکاء نے سراہا۔ بچوں کو مزید محنت، مستقل مزاجی اور تعلیمی سفر جاری رکھنے کی ترغیب دی گئی۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے گوادر میں HHRD کی جانب سے جاری تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ بالخصوص یتیم اور ضرورت مند بچوں کی تعلیم، کفالت اور معاونت کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے بچوں کی تعلیم، تربیت اور فلاح و بہبود کے لیے ایسی سرگرمیوں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں بچوں، والدین اور اساتذہ نے شرکت کی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











