کیچ: ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی کی زیر صدارت ستمبر کی پولیو مہم کی تیاریوں کا اجلاس

تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت ستمبر 2026 کی ایس این آئی ڈی پولیو مہم کے انتظامات، تیاریوں اور مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ارسلان درازئی نے آنے والی مہم پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرتضیٰ بلوچ، چیف آفیسر تربت شعیب ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز سخی، انجمن تاجران کے حاجی کریم بخش اور ڈی ایس پی دانش بلوچ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو قطرے پلانے، ٹیموں کی نگرانی، سکیورٹی انتظامات، مائیکرو پلان پر عملدرآمد اور رہ جانے والے بچوں تک رسائی کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے جس کے لیے اداروں، والدین، علماء کرام، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بچہ قطروں سے محروم نہ رہے اور ٹیمیں گھر گھر جا کر والدین میں شعور بھی اجاگر کریں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











