کوئٹہ: گوالمنڈی چوک اور سرکی روڈ پر گرانفروشی کے خلاف کارروائی، مہنگا گوشت بیچنے والے 10 قصاب گرفتار

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات، عوامی شکایات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی محمد امیر حمزہ کی نگرانی میں اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ نے گوالمنڈی چوک، سرکی روڈ اور خدائے داد روڈ پر پرائس کنٹرول اور قیمتوں کی چیکنگ کے لیے کارروائیاں کیں۔
کارروائی کے دوران مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے اور گرانفروشی میں ملوث 10 قصابوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے واضح کیا کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی، صارفین کے حقوق کے تحفظ اور گرانفروشی و ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ تمام قصاب سرکاری نرخ نامے کے مطابق گوشت فروخت کریں، بصورتِ دیگر خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











