کوئٹہ: کم وزن روٹی اور مہنگا گوشت بیچنے پر کارروائیاں، 35 نانبائی اور قصاب گرفتار کر کے جیل منتقل

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں تندوروں اور قصابوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 35 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا۔
کارروائی کے دوران کم وزن روٹی فروخت کرنے والے تندوروں اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والے قصابوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، جبکہ متعدد دکانداروں کو سخت وارننگ بھی جاری کی گئی۔ کارروائیاں چالو باوڑی، سیٹلائٹ ٹاؤن، نواں کلی، گوالمنڈی چوک، مسجد روڈ، کاسی روڈ اور سریاب روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی اور شہریوں کو کم وزن اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











