کوئٹہ: کم عمر اور شناختی کارڈ کے بغیر افراد پر واٹر ٹینکر چلانے کی پابندی، خلاف ورزی پر گرفتاری ہوگی

کوئٹہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ کی زیرِ صدارت واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک پولیس، سیکرٹری آر ٹی اے اور ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کم عمر بچوں اور بغیر قومی شناختی کارڈ کے کسی بھی شخص کو واٹر ٹینکر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی، گرفتاری اور واٹر سپلائی بند کی جائے گی۔
تمام ٹینکر مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں، تمام ٹینکروں کی اگلی اور پچھلی لائٹس فعال رکھیں اور ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے اور ان کی تجدید کا عمل جلد مکمل کریں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











