کوئٹہ: زرغون روڈ پر رکشوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی، ہسپتالوں کے سامنے سے رکشے ہٹا دیے گئے

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی امیر حمزہ نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ زرغون روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والے رکشوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران زرغون روڈ کی سروس روڈ اور مختلف ہسپتالوں کے سامنے غیر قانونی طور پر کھڑے تمام رکشے فوری طور پر ہٹا دیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے رکشہ ڈرائیوروں کو سڑکوں اور سروس روڈز پر رکشے کھڑے کرنے سے گریز کی ہدایت کی تاکہ ٹریفک متاثر نہ ہو اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک نظام کی بہتری اور بلا رکاوٹ آمدورفت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ہسپتالوں کے سامنے بے ہنگم پارکنگ سے مریضوں اور لواحقین کو پیش آنے والی مشکلات کے تدارک کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
امیر حمزہ نے ٹریفک پولیس اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اہم شاہراہوں، سروس روڈز اور ہسپتالوں کے اطراف تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











