کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرصدارت سیف سٹی پروجیکٹ کا جائزہ اجلاس، 83 فیصد کام مکمل

کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر جاری کام، کیمروں کی تنصیب، متاثرہ سائٹس کی بحالی اور بروقت تکمیل سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ، ڈپٹی کمشنر مستونگ، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کے افسران نے آن لائن شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی، ڈویژنل ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ظہور احمد، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ سید کلیم اللہ اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
بریفنگ
کمشنر کو بتایا گیا کہ کوئٹہ شہر کے 120 مقامات پر تین، تین کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ ہے، جبکہ صوبے کے سات اضلاع میں سیف سٹی کیمروں کی تنصیب کے لیے 990 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق کوئٹہ شہر میں 1,130 ملین روپے کی لاگت سے 130 کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ جاری ہے، جس پر تقریباً 83 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ شہر میں چھ چپ پوسٹس قائم کی جا رہی ہیں، جن میں سے چار مکمل ہو چکی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران نقصان پہنچنے والی سائٹس کو جلد از جلد دوبارہ فعال کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے فنڈز دستیاب ہیں اور باقی کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔
کوئٹہ شہر میں تین مزید جوائنٹ چیک پوسٹس (JCPs) قائم کی جائیں گی، جن سے سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے، جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
کمشنر کی ہدایات
ذیشان لاشاری نے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ ایک اہم اور دوررس نتائج کا حامل منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ سکیورٹی، نگرانی اور امن و امان کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور مسائل کو باہمی تعاون، موثر رابطہ کاری اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
کمشنر نے زور دیا کہ نصب کیے جانے والے کیمروں اور دیگر سکیورٹی آلات کو فعال رکھنے، متاثرہ مقامات کی بحالی اور زیرِ تکمیل کام کو جلد مکمل کرنے کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ضلع مستونگ کو بھی سیف سٹی پروجیکٹ کا حصہ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے منصوبے کو نئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں شامل کیا گیا ہے۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری اور مشترکہ کوششوں سے سیف سٹی پروجیکٹ جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور کوئٹہ میں امن و امان کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











