کمشنر لسبیلہ سائرہ عطاء کا غیر قانونی کرش پلانٹس اور غیر رجسٹرڈ مائننگ فرمز کے خلاف کارروائی کا حکم

حب: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے کہا ہے کہ بلوچستان میں معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں مائنز اینڈ منرل کی صنعت ملکی معیشت کے لیے ریونیو کلیکشن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اور صوبے کی اقتصادی ترقی اور معدنی وسائل کے فروغ میں وزیراعلیٰ کے وژن کے تحت انتظامیہ بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔
وہ ڈائریکٹر مائنز اینڈ منرل محمد ابراہیم بازئی کی جانب سے دی گئی محکمانہ بریفنگ میں اظہار خیال کر رہی تھیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ معدنیات کے شعبے کی لائسنسنگ، کرایہ اور رائلٹی کی وصولی اور پیداوار و ترقی کی نگرانی ڈائریکٹوریٹ آف مائننگ کرتی ہے، اور محکمے کو لسبیلہ ڈویژن سے رائلٹی کی مد میں سالانہ 29۔4823 ملین کا ریونیو حاصل ہوتا ہے۔
ڈائریکٹر مائنز نے بتایا کہ محکمہ چیف انسپکٹر مائنز کی نگرانی میں کانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی صحت اور حفاظت یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ ضلع آواران میں اب تک جیولوجیکل سروے نہیں کیا گیا۔
غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف ایکشن
کمشنر نے واضح کیا کہ بلوچستان منرل مائننگ ایکٹ 2025 پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر کرش پلانٹ چلانے والوں اور غیر رجسٹرڈ مائننگ فرمز کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور بغیر رائلٹی کے معدنیات استعمال کرنے والے این ایچ اے کنٹریکٹرز کو بھی لیٹر جاری کیے جائیں۔
کمشنر نے ایکسپلوزیو ڈیپارٹمنٹ کے افسر کی جائے تعیناتی سے غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسپلنری ایکشن کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پائیدار اور مؤثر کان کنی کے طریقوں کو ترجیح دی جائے اور تانبا، سیسہ، زنک اور ڈائمینشن اسٹون سمیت دیگر معدنیات سے مالا مال لسبیلہ ڈویژن کی معدنی صلاحیت بروئے کار لانے میں محکمہ کلیدی کردار ادا کرے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











