کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی کا سوراب میں بی ایس ڈی آئی اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کا جائزہ

خضدار: کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیرِ صدارت کمشنر کانفرنس روم میں بی ایس ڈی آئی (BSDI) اور پی ایس ڈی پی (PSDP) 2025 اور 2026 کے فیز 1 اور فیز 2 کے ترقیاتی منصوبوں اور صحت، تعلیم سمیت دیگر محکموں کی ماہانہ کارکردگی پر اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ، ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ خضدار ڈویژن ڈاکٹر لطف الرحمن، اے ڈی ایل جی سوراب سعید احمد ساسولی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سوراب عبدالخالق شاہوانی، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل سوراب سعید احمد ریکی، ڈسٹرکٹ لائیو اسٹاک آفیسر ڈاکٹر محمد یاسین، ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ مقصود احمد اور ضلع سوراب کے محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر سوراب نے بی ایس ڈی آئی فیز 1 اور فیز 2 کے تحت جاری اور مکمل منصوبوں پر بریفنگ دی، جبکہ افسران نے صحت، تعلیم، سی اینڈ ڈبلیو، لوکل گورنمنٹ، لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر محکموں کے منصوبوں کی پیش رفت اور مسائل سے آگاہ کیا۔
کمشنر قادر بخش پرکانی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح کے لیے اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں فوری دور کی جائیں، محکموں کے درمیان رابطہ مؤثر بنایا جائے اور منصوبے شفافیت، معیار اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل ہوں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ایسے منصوبوں کی نشاندہی کی جائے جن سے عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











