ڈی ایچ او گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر کا آر ایچ سی پسنی اور بی ایچ یو بسول کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

گوادر/پسنی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں صحت کے شعبے کی بہتری، بنیادی طبی سہولیات کی توسیع اور شہریوں کو معیاری علاج ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے حکومت بلوچستان مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر نے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) پسنی اور بنیادی مرکز صحت (BHU) بسول کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے او پی ڈی، ایمرجنسی، ادویات کے ذخیرے، صفائی کی صورتحال، طبی آلات، عملے کی حاضری اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا، اور عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت، معیاری اور خوش اخلاقی کے ساتھ علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
ڈاکٹر یاسر طاہر نے طبی عملے سے ملاقات میں ہسپتالوں کو درپیش مسائل، ادویات کی دستیابی، ایمرجنسی سہولیات اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ لی اور عوامی خدمت کا معیار مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن اور ضلعی انتظامیہ گوادر کی رہنمائی میں صحت کے شعبے کو مضبوط، فعال اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں تاکہ ضلع کے دور دراز علاقوں کے شہری بھی معیاری اور بروقت طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں نظم و ضبط، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کے ساتھ بہتر طرز عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











