ڈی ایچ او تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب کا آر ایچ سی نظرآباد اور سی ڈی کونشقلات کا دورہ، دو اضافی کمروں کی منظوری

تمپ: وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ اور سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن پنزائی کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب نے نو تشکیل شدہ ضلع تمپ کے مختلف مراکز صحت کا دورہ کیا اور طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور عوام کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے آر ایچ سی نظرآباد اور سی ڈی کونشقلات میں طبی عملے کی حاضری چیک کی اور ادویات کے اسٹاک، او پی ڈی سروسز، مریضوں کے ریکارڈ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ڈاکٹر نوروز یعقوب نے کہا کہ محکمہ صحت کی اولین ترجیح دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر اور بہتر بنانا ہے تاکہ عوام کو علاج معالجے کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان کی کاوشوں سے بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت آر ایچ سی نظرآباد کے لیے دو اضافی کمروں کی منظوری بھی حاصل کی گئی ہے، جس سے مریضوں کے ساتھ ساتھ طبی عملے کو بھی مزید سہولیات میسر آئیں گی۔ محکمہ صحت کے حکام نے اس اقدام کو علاقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











