ڈیرہ مراد جمالی میں نرسنگ کالج نصیرآباد کا سیمینار، ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کا نرسنگ اسٹاف کو خراجِ تحسین

نصیرآباد: نرسنگ کالج نصیرآباد کے زیرِ اہتمام اسمبلی ہال ڈیرہ مراد جمالی میں نرسنگ سیمینار منعقد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل جبکہ اعزازی مہمانِ خصوصی چیئرمین مارکیٹ کمیٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی نصیرآباد ڈویژن کے صدر میر بلال صادق عمرانی تھے۔
سیمینار میں چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر عارف لہڑی، مرزا مینگل، بابو محمد اعظم بہرانی، ارشاد علی جمالی، محمد رحیم بگٹی، نرسنگ کالج کی لیکچرار رابیہ فراح، آسیہ سمیت نرسنگ اسٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نرسنگ اسٹاف نے ڈیزاسٹر اور ہنگامی حالات میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات پر ٹیبلو پیش کیا اور بیسک لائف سپورٹ (BLS) کے بارے میں عملی آگاہی دی۔ پرنسپل فوزیہ یاسین اور لیکچرار جمعہ خان رند نے کالج کے مسائل اور تدریسی عمل پر بریفنگ دی۔
نرسیں سکون اور امید کی علامت
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ ہنگامی حالات اور روزمرہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں نرسنگ اسٹاف کی خدمات کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ایمرجنسی میں جب مریض زندگی اور موت کی کشمکش میں ہوتا ہے تو ڈاکٹر کے ساتھ نرسنگ اسٹاف انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے، اور سفید لباس میں ملبوس نرسیں مریضوں کے لیے سکون، امید اور بہترین نگہداشت کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عملی سیمینار کے دور رس اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
میر بلال صادق عمرانی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مفاد میں عملی اقدامات کر رہی ہے۔ نصیرآباد کا نرسنگ کالج نہ صرف مقامی بچیوں کے لیے بہترین تعلیمی ادارہ ہے بلکہ مستقبل میں یہاں سے تربیت یافتہ نرسیں خدمتِ خلق کے جذبے سے صحت کے شعبے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیمینار میں کالج کی عمارت اور ہاسٹل کے مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ سینئر صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کے فنڈز سے عمارت اور ہاسٹل سمیت بنیادی مسائل حل کیے جائیں تاکہ نرسنگ طالبات اور اسٹاف کو دشواری کا سامنا نہ ہو۔ سیمینار سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی نے بھی خطاب کیا۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











