ڈپٹی کمشنر کیچ کی کیسکو حکام سے ملاقات، 18 جولائی کے بعد بجلی کی فراہمی میں بہتری کی یقین دہانی

تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے ایکسیئن کیسکو ضلع کیچ اور ملک آباد، میری اور گوگدان فیڈرز کے عوامی نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں بجلی کی فراہمی کے مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد نے بجلی کے بلوں کی باقاعدگی سے ادائیگی کے حوالے سے عوامی تعاون کو اجاگر کیا اور امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اور کیسکو حکام باہمی تعاون سے بجلی کی فراہمی کا دورانیہ دوبارہ 20 گھنٹے تک بحال کریں گے۔
ایکسیئن کیسکو آصف عزیز مگسی نے گرڈ اسٹیشن پر جاری تکنیکی بہتری کے کاموں سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ 18 جولائی کے بعد بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی اور نظام کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے کیسکو حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کیے گئے وعدوں کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں عوام کو بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مربوط حکمت عملی کے ساتھ کام جاری رہے گا۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کے مثبت اور فعال کردار کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں عوامی مسائل حل ہوں گے اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











