ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کا انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران، محکمہ صحت، ای پی آئی، عالمی ادارہ صحت (WHO)، یونیسیف اور دیگر شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پولیو مہم کے پہلے روز کی پیش رفت، ٹیموں کی کارکردگی، کوریج، درپیش مسائل اور ان کے فوری حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے افسران کو فیلڈ میں ٹیموں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے، غیر حاضر بچوں تک دوبارہ رسائی حاصل کرنے اور مہم کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











