ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کا ترقیاتی منصوبوں اور جدید آئی ٹی لیب پر جائزہ اجلاس، کام تیز کرنے کی ہدایت

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور جدید آئی ٹی لیب کے قیام و پیش رفت سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں منصوبوں کی موجودہ صورتحال، معیارِ تعمیر اور مقررہ مدت میں تکمیل سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کوئٹہ امیر حمزہ اور ایکسین (سٹی) سمیت متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ ایکسین (سٹی) نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبوں کی پیش رفت، جاری تعمیراتی کام، درپیش مسائل اور تکمیل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں شہری سہولیات کی بہتری، انفراسٹرکچر کی ترقی، تعمیراتی کام کی رفتار و معیار اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ غیر ضروری تاخیر نہ ہو اور اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔
جدید آئی ٹی لیب پر غور کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ڈیجیٹل سہولیات کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، اس لیے لیب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
مہراللہ بادینی نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہیں، اس لیے معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کام کی رفتار تیز کرنے، مسلسل مانیٹرنگ اور مقررہ معیار کے مطابق تکمیل کی ہدایت کی، اور کہا کہ تمام محکمے باہمی رابطے سے رکاوٹیں فوری دور کریں اور پیش رفت کی باقاعدہ رپورٹ پیش کریں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











