ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کی زیرِ صدارت ڈی آئی سی سی اجلاس، امن و امان اور حساس تنصیبات کا جائزہ

صحبت پور: ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ، بین الاداراتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور سکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنانے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ حساس اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کا خصوصی جائزہ لے کر متعلقہ اداروں کو ان کی حفاظت کے انتظامات مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
ضلع کی بین الاضلاعی سرحدی حدود میں سکیورٹی بہتر بنانے، غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے نگرانی کا نظام فعال کرنے اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو فروغ دینے پر بھی اتفاقِ رائے کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں امن و امان کا قیام، حساس تنصیبات کا تحفظ، بین الاضلاعی سرحدی حدود کی مؤثر نگرانی اور عوام کے جان و مال کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے عزم ظاہر کیا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، انٹیلی جنس ادارے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون اور مربوط اقدامات کے ذریعے ضلع میں پائیدار امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











