چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کا سیکریٹریز کمیٹی اجلاس، تمام محکموں میں انفارمیشن آفیسر مقرر کرنے کی ہدایت

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکریٹریز کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام انتظامی سیکریٹریز اور ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی سطح پر انتظامی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، دفاتر میں افسران و عملے کی حاضری، خالی آسامیوں اور عوامی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام محکموں کی سرکاری گاڑیوں کی کنڈیمنیشن کا معاملہ بھی زیر غور آیا اور گاڑیوں کی موجودہ حالت، ناقابلِ استعمال گاڑیوں کی نشاندہی اور انہیں قواعد کے مطابق کنڈیم یا نیلام کرنے کے عمل کا جائزہ لیا گیا تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر اور شفاف استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
مختلف محکموں میں خالی آسامیوں، ترقی کے منتظر ملازمین اور ابتدائی بھرتیوں پر بھی غور کیا گیا اور زور دیا گیا کہ یہ معاملات قواعد و ضوابط، میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق نمٹائے جائیں تاکہ محکموں کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔
حاضری، معلومات تک رسائی اور ویب سائٹس
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ اجلاس کے فیصلوں پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام سیکرٹریز اپنے اٹیچڈ محکموں میں ملازمین کی بروقت اور مستقل حاضری یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حاضری کا ٹھوس نظام، ذمہ دارانہ نگرانی اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی سے سرکاری خدمات کی شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
شکیل قادر خان نے ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز اپنے محکموں میں فوری طور پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مقرر کریں کیونکہ رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کے تحت عوام کو معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے، اور اس تعیناتی سے درخواستوں کے بروقت ازالے کے ساتھ شفافیت اور جوابدہی بھی مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیکرٹریز اپنے محکموں کی ویب سائٹس فعال کریں اور ان پر تازہ خبریں، اعلانات اور خدمات کی تفصیلات باقاعدگی سے اپڈیٹ کی جائیں تاکہ شہریوں کو معلومات حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے احکامات پر عملدرآمد کی صورتحال بھی پیش کی گئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











