چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت رائز پروگرام کا اجلاس، چھ اضلاع میں نوجوانوں کے روزگار کا منصوبہ

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت «رائز» (RISE) پروگرام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام کے مختلف منصوبوں، اب تک کی پیش رفت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو باعزت روزگار کے مواقع دینے، نوجوانوں کی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور انہیں جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود، معاشی خودمختاری اور معیارِ زندگی میں بہتری ہے، اسی مقصد کے تحت ایسے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جو نوجوانوں کو روزگار، ہنر اور کاروبار کے مواقع فراہم کر سکیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت بلوچستان کے عوام کو ترقی کے ثمرات ان کی دہلیز تک پہنچانے اور صوبے کے نوجوانوں کو روشن و محفوظ مستقبل دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ رائز پروگرام کے تحت نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ بیسڈ ہنر سکھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ باعزت روزگار کے قابل بن سکیں۔ پروگرام کے تحت فنی و پیشہ ورانہ تربیت، کاروباری مواقع، مالی معاونت اور روزگار کے مختلف شعبوں سے نوجوانوں کو منسلک کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔
چھ اضلاع، 16,500 گھرانے
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام میں چھ اضلاع پنجگور، خاران، واشک، گوادر، آواران اور کیچ شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت 57,464 مائیکرو انٹرپرائزز قائم کیے جائیں گے، 4,320 نوجوانوں کو فنی و پیشہ ورانہ تربیت دے کر روزگار سے منسلک کیا جائے گا، 1,620 موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ انفراسٹرکچر تعمیر ہوں گے اور 180 مقامی تنظیموں کو مضبوط بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ 900 نوجوانوں کو سوشل چینج ایجنٹس کے طور پر تربیت دی جائے گی، 12,000 نوجوانوں اور کاروباری افراد کو مالی خدمات اور آسان قرضوں تک رسائی ملے گی، جبکہ مضبوط بنائے جانے والے 180 چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں کے ذریعے مزید 1,800 گھرانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان اقدامات سے تقریباً 16,500 گھرانوں کے روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔
پروگرام کے تحت خاران، پنجگور اور واشک کے اضلاع میں کھجور، کاٹن، گندم، زیرہ، لائیو اسٹاک، ہینڈ میڈ بلوچی ایمبرائیڈری اور فوڈ پروسیسنگ سمیت کئی اہم سیکٹرز اور ٹریڈز شامل کیے گئے ہیں۔
ساؤتھ ائیر کے تعاون سے فلائٹ کریو کی تربیت
ساؤتھ ائیر کے تعاون سے بلوچستان کے نوجوانوں کو فلائٹ کریو کی تربیت دی جائے گی، جس کے ذریعے انہیں ایوی ایشن کے شعبے میں کیریئر بنانے، ایئرلائنز میں ملازمت کے مواقع حاصل کرنے اور جدید فضائی سفری نظام سے متعلق پیشہ ورانہ مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ ٹیک ویلی کے ساتھ بھی جلد کام کا آغاز کیا جائے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز خالد سرپرہ، سی ای او بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام ڈاکٹر طاہر رشید اور دیگر نے شرکت کی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











