چمن: ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ڈی پیک اجلاس، پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت

چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت DPEC اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں، سکیورٹی انتظامات اور گزشتہ پولیو مہم کی کارکردگی و حاصلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گزشتہ مہم کے دوران انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی، بچوں کی ویکسی نیشن، کوریج، رہ جانے والے بچوں اور درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ مہم میں مزید بہتری اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانے پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی چمن فدا بلوچ، متعلقہ محکموں اور پولیو حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ مہم کے تمام انتظامات بروقت اور جامع انداز میں مکمل کیے جائیں، پولیو ٹیموں کی مؤثر نگرانی، مائیکرو پلان پر مکمل عملدرآمد اور پانچ سال سے کم عمر بچوں تک رسائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے سکیورٹی حکام کو پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان مرتب کرنے اور حساس علاقوں میں خصوصی انتظامات کی ہدایت کی تاکہ پولیو ورکرز بلاخوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ مشترکہ قومی ذمہ داری ہے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیو پروگرام، سکیورٹی اداروں اور دیگر محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط حکمتِ عملی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور مدرسوں میں داخل 10 سالہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے اور ویکسین ضرور دی جائیں۔
اجلاس میں آئندہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے، گزشتہ مہم کی خامیاں دور کرنے اور ضلع چمن میں پولیو سے بچاؤ کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











