چمن: ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس، بی ایس ڈی آئی فیز ٹو اور تھری کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے متعلقہ محکموں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بالخصوص بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) فیز ٹو اور فیز تھری کے تحت جاری اور مکمل منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ افسران نے اپنے محکموں کی کارکردگی، منصوبوں کی پیش رفت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس امر پر زور دیا گیا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے ساتھ ان کا معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح کے لیے اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں فوری دور کی جائیں، محکموں کے درمیان رابطہ اور تعاون مؤثر بنایا جائے اور منصوبے شفافیت، معیار اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ایسے منصوبوں کی نشاندہی بھی کی جائے جن سے عوام کو فوری اور زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ اجلاس کے اختتام پر منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











