پسنی میں سیرت النبیؐ تقریب: مولانا ہدایت الرحمن بلوچ مہمانِ خاص، تقریری مقابلے میں خدیجہ اول

پسنی: محکمہ تعلیم ضلع گوادر کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول پسنی میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانانِ خاص رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد حسین تھے۔ تقریب میں پسنی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں سمیت اورماڑہ کے مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی۔
طلبہ نے حمد، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر پیش کیں۔ تقریری مقابلے کے لیے چار رکنی جیوری تشکیل دی گئی جس میں مولانا امان اللہ، مولانا صغیر بلوچ، مولانا فقیر بشیر اور مولانا عبداللہ شامل تھے۔
نتائج کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول باغ بازار کی طالبہ خدیجہ نے پہلی، بوائز ہائی اسکول اورماڑہ کے طالب علم مصیب نے دوسری اور بوائز ہائی اسکول شپانکو بازار کے طالب علم عاصم خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ قوالی پیش کرنے والی ٹیم کو خصوصی انعام دیا گیا۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ ضلع گوادر کی سطح پر محکمہ تعلیم کے مرکزی سیرت النبی ﷺ مقابلوں میں اپنے اداروں کی نمائندگی کریں گے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی پوری انسانیت کے لیے ہدایت اور اسوۂ حسنہ کا بہترین نمونہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض عابد دلمراد نے انجام دیے، جبکہ اختتام پر پرنسپل حاجی مولا بخش نے تمام مہمانوں، اساتذہ، طلبہ اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











