پسنی میں اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری کی کھلی کچہری، پائپ لائن، لوڈشیڈنگ اور قبضوں کے مسائل اٹھائے گئے

گوادر/پسنی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور حکومتِ بلوچستان کی ہدایات کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر شفاف، بروقت اور مؤثر حکومتی خدمات کی فراہمی، عوامی مسائل کے فوری حل اور عوام و انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری کی سربراہی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، منتخب عوامی نمائندوں، سماجی شخصیات، ماہی گیر برادری، تاجر تنظیموں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بلا جھجھک اپنے مسائل، تجاویز اور شکایات انتظامیہ کے سامنے پیش کیں، جنہیں افسران نے تفصیل سے سنا اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی ضروری اقدامات اور ہدایات جاری کیں۔
شہریوں کے مطالبات
شہریوں نے شادی کور تا پسنی پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل، پسنی میں نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب، زرین ہاؤسنگ اسکیم اور جڈی پارک، وارڈ نمبر 1 میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضوں کے خاتمے، بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، پسنی بازار میں ٹف ٹائل کی تنصیب، چر بندر اسکول کی خستہ حالی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تعلیمی سہولیات کی بہتری، ماہی گیری کے شعبے کو درپیش مسائل، منشیات کی روک تھام، صفائی، نکاسی آب اور شہری ترقی سے متعلق امور کی نشاندہی کی۔
متعلقہ محکموں کے افسران نے شکایات اور تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے متعدد مسائل پر فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی، جبکہ متعلقہ اداروں کو مقررہ مدت میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی مسائل کے دیرپا حل کے لیے تمام دستیاب وسائل اور حکومتی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
کھلی کچہریاں عوام دوست پالیسی کا حصہ
اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن عوام کو ایک ایسی مؤثر، جوابدہ اور خدمت گزار انتظامیہ فراہم کرنا ہے جو عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر سن کر فوری حل یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریاں حکومتِ بلوچستان کی عوام دوست پالیسی کا اہم حصہ ہیں، جن کے ذریعے عوام کو ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں تک براہِ راست رسائی ملتی ہے اور مسائل کے حل میں شفافیت، جوابدہی اور رفتار پیدا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گوادر عوامی مسائل کے بروقت ازالے کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور تمام محکموں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ عوامی شکایات کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے مربوط اور نتیجہ خیز اقدامات جاری رہیں گے۔
کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے حکومتِ بلوچستان، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، ضلعی انتظامیہ گوادر اور اسسٹنٹ کمشنر پسنی کی جانب سے عوامی مسائل براہِ راست سننے کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اٹھائے گئے مسائل پر جلد عملی پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عوامی فورم حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد مضبوط بنانے اور بہتر طرزِ حکمرانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











