پسنی میں اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری کی کھلی کچہری، کالج، سیوریج اور جیٹی کے مسائل زیرِ بحث

پسنی: عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو دہلیز پر ریلیف کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی عوامی فلاح، گڈ گورننس اور موثر انتظامی نظام کی پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری کی زیرِ صدارت پسنی میں کھلی کچہری منعقد ہوئی۔
کھلی کچہری میں مختلف محکموں کے افسران، لوکل باڈیز کے نمائندوں اور شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل اور تجاویز انتظامیہ کے سامنے رکھیں۔ پسنی کالج کے مسائل، انسدادِ منشیات کے موثر اقدامات، شہر میں سیوریج لائن کے مسائل، پسنی جیٹی کی مرمت و بحالی اور تعلیم و صحت سمیت دیگر اہم عوامی مسائل زیرِ بحث آئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات اور موثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ خسرو دلاوری نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی پالیسی کے مطابق عوامی مسائل کا بروقت ازالہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطہ مضبوط بنانا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











