ٹیچنگ ہسپتال تربت کی ایمرجنسی میں واقعہ: ڈپٹی کمشنر کیچ کا ہنگامی دورہ، ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے گزشتہ شب ٹیچنگ ہسپتال تربت کے ایمرجنسی وارڈ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال کا ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا اور زیرِ تربیت عملے، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے سے ملاقات کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس ڈاکٹر وحید بلیدی، پولیس حکام اور دیگر متعلقہ افسران سے واقعے کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے واقعے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
طبی عملے کا تحفظ اولین ترجیح
یاسر اقبال دشتی نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طبی اداروں کا پرامن اور محفوظ ماحول ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی قانون شکن کو سرکاری امور میں مداخلت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، تمام ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں فوری گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہسپتال کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر اور فول پروف بنانے، مرکزی گیٹ پر نگرانی سخت کرنے اور کسی بھی مسلح شخص کو احاطے میں داخل نہ ہونے دینے کی ہدایت بھی کی۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور طبی عملے پر زور دیا کہ وہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی بلاخوف و خطر جاری رکھیں۔ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور عوامی حلقوں نے ان کے بروقت نوٹس، ہسپتال کے دورے اور فوری احکامات کو ذمہ دارانہ اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











