ووکیشنل ٹریننگ سینٹر گوادر میں سیشن 2025-26 کے دوران 88 نوجوانوں کو فنی تربیت دی گئی

گوادر: پرنسپل ووکیشنل ٹریننگ سینٹر گوادر عبدالصمد شاہی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے وژن پر موثر انداز میں عمل پیرا ہے اور مختلف فنی و تکنیکی تربیتی پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر رہی ہے تاکہ وہ باعزت روزگار کے ساتھ خود روزگاری کے مواقع سے بھی بھرپور استفادہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر گوادر میں نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ ملکی و صوبائی معیشت میں موثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے میں کمپیوٹر (آفس مینجمنٹ)، ریفریجریشن اینڈ ایئر کنڈیشننگ، جنرل الیکٹرک اور موٹر وائنڈنگ سمیت مختلف شعبوں میں سیشن 2025-26 کے دوران مجموعی طور پر 88 نوجوانوں کو عملی اور تکنیکی مہارتوں کی تربیت دی گئی۔ ان پروگراموں کا مقصد صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا، نوجوانوں کی فنی صلاحیتیں بڑھانا اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
عبدالصمد شاہی کا کہنا تھا کہ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم معاشی خودمختاری، غربت میں کمی اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ حکومت بلوچستان ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے تاکہ نوجوان قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے صوبے کی سماجی و معاشی خوشحالی میں حصہ ڈال سکیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











