وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کا تعمیر نو ٹرسٹ کوئٹہ کی تقریب سے خطاب، تین طلبہ میں چھ لاکھ روپے کی اسکالرشپس

کوئٹہ: وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ہے اور اس کی علمی، ادبی اور فکری تربیت کے لیے تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ورثے، زبان و ادب اور ثقافتی اقدار سے نئی نسل کو روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان تعلیمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وہ جمعرات کو رحمت للعالمین و خاتم النبیین ﷺ کلب تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان کے زیر اہتمام تعمیر نو کالج غزالی کیمپس کوئٹہ میں خصوصی انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں طلبہ و طالبات، اساتذہ، ٹرسٹ کے عہدیداران اور مختلف شعبوں کی شخصیات شریک ہوئیں، اور وفاقی وزیر کا پھولوں اور ریڈ کارپٹ کے ساتھ روایتی استقبال کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد انس نے حاصل کی، جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ، اسمائے حسنیٰ اور کلام اقبال پیش کیے گئے۔ سیکرٹری تعمیر نو ٹرسٹ محمد نسیم لہڑی نے خطبہ استقبالیہ میں ادارے کی تعلیمی، تربیتی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔
حاجی مصدق علی اسکالرشپ 2026
تقریب کا اہم حصہ حاجی مصدق علی اسکالرشپ 2026 تھا، جس کے تحت تین طلبہ کو فی کس دو لاکھ روپے، یعنی مجموعی طور پر چھ لاکھ روپے دیے گئے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل اقبال کانفرنس 2025 کی جھلکیاں اور تعمیر نو ٹرسٹ پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جبکہ پرائمری اسکول کے طلبہ نے استقبالیہ ٹیبلو پیش کیا۔
ڈائریکٹر جنرل نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مظہر سلیم نے کہا کہ زبان کسی بھی قوم کی شناخت اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کا اہم ذریعہ ہے اور طلبہ کو مطالعہ اور ادبی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ چیئرمین تعمیر نو ٹرسٹ بریگیڈیئر (ر) عبدالجلیل خان نے اختتامی کلمات میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹرسٹ طلبہ کی علمی، ادبی اور اخلاقی تربیت کو اہمیت دیتا ہے۔
مہمان خصوصی کو روایتی ٹوپی، اقبال کانفرنس کی یادگاری شال اور یادگاری سووینئر پیش کیا گیا، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ پروگرام کے میزبان سیکرٹری حکومت بلوچستان حافظ محمد طاہر تھے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











