وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی اسکالرشپ پر منتخب بلوچستان کے طلبہ سے ملاقات: ’’آپ بلوچستان اور پاکستان کے سفیر ہیں‘‘

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مختلف صوبوں کی جامعات میں اسکالرشپ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب ہونے والے بلوچستان کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی، جس کے دوران ترقیاتی منصوبوں، گورننس، تعلیم اور دیگر اہم امور پر تفصیلی مکالمہ ہوا۔ طلبہ و طالبات نے وزیر اعلیٰ سے مختلف امور پر سوالات بھی کیے جن کے انہوں نے تفصیلی جوابات دیے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن صالح بلوچ بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے طلبہ و طالبات کا میرٹ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے انتخاب ان کے روشن تعلیمی مستقبل کی ضمانت ہے۔ اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے والے بیشتر طلبہ و طالبات کا تعلق غریب اور متوسط طبقے سے ہے اور ان کے لیے ملک کی اعلیٰ جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ جامعات میں بلوچستان کے نوجوانوں کا مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنا باعثِ مسرت ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کو جامعات میں داخلے کے ساتھ ٹیوشن اور ہاسٹل فیس کی مد میں معاونت فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے، جس پر اہلیانِ بلوچستان کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
’’پاکستان تاقیامت قائم رہے گا‘‘
میر سرفراز بگٹی نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ دیگر صوبوں کی جامعات میں تعلیم کے دوران نظم و ضبط، محنت اور میرٹ کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان جہاں بھی جائیں، اپنی صلاحیتوں اور مثبت کردار سے پاکستانیت کا پرچار کریں، کیونکہ وہ بلوچستان اور پاکستان کے سفیر ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کسی بھی ریاست مخالف تنظیم یا منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور حصولِ تعلیم کے ذریعے اپنے والدین کی توقعات پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ تصور اور حقائق میں فرق ہوتا ہے، ریاست مخالف عناصر غیر متوازن ترقی کے نام پر نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے طلبہ کو ایسے عناصر سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور تاقیامت قائم رہے گا، پاکستان کو تقسیم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں اور انہیں اپنی توانائیاں تعلیم، تحقیق، ہنر اور ملک و صوبے کی ترقی کے لیے بروئے کار لانی چاہئیں۔
وزیر اعلیٰ نے طلبہ و طالبات کے ساتھ مکالمے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے سوالات اور خیالات کو سننا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اور تعلیم یافتہ و باصلاحیت نوجوان ہی بلوچستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











