وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کا تیسرا بورڈ اجلاس، فضائی رابطوں کے فروغ پر زور

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تیسرا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ڈائریکٹر ایوی ایشن کیپٹن علی آزاد اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کے امور، کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے صوبے میں فضائی رابطوں کے فروغ، ایوی ایشن کے شعبے میں دستیاب مواقع سے استفادے اور بلوچستان کے عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی پر غور کیا۔
فضائی رابطے معاشی و سماجی ترقی کے لیے اہم
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں فضائی رابطوں کا فروغ صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے اہم ہے۔ صوبے کے وسیع رقبے اور دور دراز علاقوں کے پیش نظر بہتر فضائی رابطے نہ صرف عوام کو سفری سہولت فراہم کرتے ہیں بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کمپنی کے امور میں پیشہ ورانہ طرزِ انتظام، شفافیت اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے صوبے کے وسیع تر مفاد میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام شعبوں میں جدید اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، ایوی ایشن کا شعبہ بھی اسی وژن کا اہم حصہ ہے، جسے آگے بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافہ ضروری ہے۔
اجلاس میں کمپنی کی کارکردگی مزید بہتر بنانے، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور مستقبل کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کمپنی کے امور کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے اور فضائی رابطوں کے فروغ کے لیے قابلِ عمل تجاویز اور منصوبہ بندی کو ترجیح دی جائے۔ بورڈ اراکین نے کمپنی کے مختلف امور سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں اور اجلاس کے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











