وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا ڈاکٹر ماہ نور کی مدد کرنے والے عبدالرازق خلجی اور بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی بروقت مدد کرنے والے نوجوان عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے جذبۂ انسانیت، ہمت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں سے ملاقات کی اور مشکل گھڑی میں متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدد کے لیے فوری اقدام کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مولوی نوراللہ بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عبدالرازق خلجی نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدد کی، ایسے باہمت، فرض شناس اور انسان دوست نوجوان معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عبدالرازق خلجی جیسے نوجوانوں پر فخر ہے جو مشکل حالات میں ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں، اور نوجوان نسل کو بھی ایسے کرداروں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ایسے شہریوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے جو انسانی جان بچانے اور مشکل میں مبتلا افراد کی مدد کے لیے بروقت اور مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کی بہادری اور جذبۂ انسانیت معاشرے کے لیے مثبت مثال ہے۔
اس موقع پر عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں نے بروقت بہتر علاج معالجے کی فراہمی، حوصلہ افزائی، داد رسی اور سرکاری ملازمت کے اعلان پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے حوصلہ افزائی ان کے لیے باعثِ عزت ہے، جبکہ مشکل وقت میں متاثرہ افراد کی مدد اور بروقت داد رسی کے حکومتی اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











