وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے حریت رہنما حسن بنا کی ملاقات، کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عزم

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے کشمیر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما حسن بنا نے ملاقات کی، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال، کشمیری عوام کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
حسن بنا نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے حکومت بلوچستان اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے مؤقف اور اقدامات کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ایک بین الاقوامی تنازع ہے، جس کا منصفانہ اور پائیدار حل کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، یعنی حقِ خودارادیت، فراہم کیے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کی ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دے کر آزادی کی جدوجہد کو زندہ رکھا ہے اور ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











