واسا کا کوئٹہ میں غیر قانونی بورنگ کے خلاف کریک ڈاؤن؛ ایئرپورٹ روڈ خیزی چوک پر 5 کنکشن سیل

کوئٹہ: اسپیشل مجسٹریٹ واسا حبیب الرحمن کاکڑ نے غیر قانونی واٹر سپلائی بورنگ، غیر قانونی کنکشنز اور واسا کے واجب الادا بلوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایئرپورٹ روڈ خیزی چوک پر 5 غیر قانونی واٹر سپلائی بورنگ/کنکشنز سیل کر دیے۔
کارروائی کے دوران واسا حکام اور عملے نے غیر قانونی طور پر پانی حاصل کرنے والے کنکشنز کا معائنہ کیا اور قوانین کی خلاف ورزی پر پانچ سپلائیز کے خلاف کارروائی کی گئی۔
حبیب الرحمن کاکڑ نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی بورنگ، غیر قانونی کنکشنز اور بلوں کی عدم ادائیگی کے خلاف باقاعدہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے اور واسا کے قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے غیر قانونی استعمال اور واجبات کی عدم ادائیگی سے ادارے کو مالی نقصان کے ساتھ شہریوں کو پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کارروائی کا سلسلہ شہر کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا اور آئندہ دنوں میں کریک ڈاؤن مزید تیز ہوگا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پانی کے حصول کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کریں اور واسا کے بل بروقت ادا کریں۔ واسا حکام کے مطابق یہ کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











