نیب بلوچستان کا الحمد اسلامک یونیورسٹی کوئٹہ میں انسدادِ بدعنوانی سیمینار اور آگاہی واک

کوئٹہ: بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں نیب بلوچستان نے الحمد اسلامک یونیورسٹی سٹی کیمپس میں «نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کا کردار» کے عنوان سے سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا۔
یونیورسٹی کے رجسٹرار عبدالرحیم نے ڈائریکٹر نیب بلوچستان محمد سلیم احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان اکبر اور نیب کی ٹیم کا استقبال کیا۔ تقریب کا مقصد نوجوانوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا تھا، جس میں اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نیب بلوچستان سلمان اکبر نے اپنے آگاہی لیکچر میں نیب کے طریقہ کار، وژن، مشن اور کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ڈائریکٹر نیب محمد سلیم احمد نے کرپشن کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خود احتسابی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں بدعنوانی اور بددیانتی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام قرار دیا اور افسوس کا اظہار کیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ آخر میں انہوں نے طلباء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔
الحمد اسلامک یونیورسٹی کوئٹہ کے فہیم عباس نے نیب بلوچستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے اہم رکن ہونے کے ناطے طلباء کی مشترکہ کوششیں کرپشن سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ڈائریکٹر نیب محمد سلیم احمد نے ایڈیشنل رجسٹرار فہیم عباس کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ پروگرام کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











