نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کا بلیک ٹاپ سڑکوں، آر ایچ سی بہرام خان بلیدی اور اسکولوں کے منصوبوں کا معائنہ

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے ایس ڈی او بلڈنگ عابد علی پہنور، ایس ڈی او روڈ نادر علی اور سب انجینئر اصغر علی چنہ کے ہمراہ ضلع کے مختلف علاقوں میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام، استعمال ہونے والے میٹریل، کام کے معیار، رفتار اور مجموعی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
کن منصوبوں کا معائنہ ہوا
ڈپٹی کمشنر نے بلیک ٹاپ روڈ بیر چوک سے شفیع محمد لہڑی، بلیک ٹاپ روڈ باری شاخ سے اسداللہ خان بگٹی، بلیک ٹاپ روڈ باری شاخ سے دارا خان بگٹی اور بلیک ٹاپ روڈ باری شاخ سے مہر علی عمرانی کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے سڑکوں کی تعمیر کے مراحل، معیار اور تکمیل کی مقررہ مدت پر تفصیلی بریفنگ لی۔
انہوں نے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) بہرام خان بلیدی کی تعمیر اور اس کے رہائشی کوارٹرز، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول صالح محمد پندرانی اور گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول نور محمد مینگل کی چار دیواری، BSDI فیز ون کے تحت گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول نور محمد مینگل کے دو اضافی کمروں کی تعمیر اور بلیک ٹاپ روڈ گل حاکم تا میر حسن کا بھی معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول بہادر خان مینگل کی شیلٹر سے محروم عمارت کی تعمیر اور بنیادی مرکزِ صحت (BHU) میر بہادر خان مینگل کو رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) میں اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
معیار پر سمجھوتہ نہیں
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے انجینئرز اور تعمیراتی عملے کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے براہِ راست عوام کی بنیادی ضروریات سے وابستہ ہیں، اس لیے ان کی تعمیر میں معیار، شفافیت اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے دیہی علاقوں کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ صحت اور تعلیمی منصوبوں کی تکمیل سے ان کے علاقوں میں بنیادی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ افسران منظور شدہ ڈیزائن و تخمینے کے مطابق کام یقینی بنائیں اور تعمیراتی مراحل کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ سرکاری وسائل کا درست اور مؤثر استعمال ممکن ہو، جبکہ غیر ضروری تاخیر سے گریز کرتے ہوئے کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور منصوبوں کے ثمرات بلاامتیاز عام لوگوں تک پہنچیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی نگرانی جاری رکھے گی اور ترقیاتی کاموں کے معیار و رفتار کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











