نصیرآباد ڈویژن میں محکمہ ریونیو کی 12 پرانی سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ، اخبارات میں ٹینڈرز جاری ہوں گے

نصیرآباد: کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت پرانی اور خستہ حال سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل، اکاؤنٹس آفیسر امجد بہرانی اور زرعی انجینئرنگ کے اسسٹنٹ انجینئر مسعود کھوسہ نے شرکت کی، جبکہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں نصیرآباد ڈویژن میں محکمہ ریونیو کی کل 12 پرانی اور خستہ حال سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کے قواعد و ضوابط اور ضروری کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ نیلامی کا عمل شفاف اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری تقاضے بروقت پورے کیے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گاڑیوں کی جلد از جلد نیلامی کے لیے اخبارات کے ذریعے کال ٹینڈرز جاری کیے جائیں گے تاکہ عمل مقررہ طریقہ کار کے تحت مکمل ہو سکے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











